ضیاء الدین یونی ورسٹی کا شمار پاکستان کی بہترین پرائیوٹ جامعات (private universities) میں ہوتا ہے۔ اس یونی ورسٹی کے قیام کی صورت میں سر ڈاکٹر ضیاء الدین (1878ء۔ 1947ء) کے خاندان کی کوششوں سے اُن کے اُس خواب کو تعبیر مل گئی جو اُنھوں نے علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی میں میڈیکل کالج قائم کرنے کا دیکھا تھا۔ ضیاء الدین یونی ورسٹی کے قیام کا مقصد بہترین تدریس اور تحقیق کے ذریعے پاکستان میں صحت (health)، طبعی (physical)، اور عمرانی علوم (social sciences) کی جدید تعلیم فراہم کرنا تھا تاکہ پاکستان میں صحتِ عامہ کا معیار بہتر بنایا جاسکے۔
ڈاکٹر ضیاء الدین 13 فروری 1873ء کو میرٹھ، اتر پردیش، انڈیا میں پیدا ہوئے۔ اُنھیں ڈاکٹر لیفٹنٹ کرنل سر ضیاء الدین احمد زبیری کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ دور اندیش سیاست دان (politician)، بہترین منطقی (logician)، ماہر ریاضی دان (mathematician)، اور فلسفی تھے۔اُن کا شمار ماہرِ تعلیم، محقق اور علی گڑھ مسلم یونی ورسٹی، انڈیا کے ناظموں (rectors) میں ہوتا ہے۔ وہ تحریکِ پاکستان کے مرکزی راہ نُما اور قائدِ اعظم کے بہت قریب تھے۔ اُن کا انتقال 69 سال کی عمر میں 23 دسمبر 1947ء کو لندن میں ہوا۔
ضیاء الدین ہاسپٹل کی شان دار کام یابی کے بعد حکومتِ سندھ نے 1994ء میں آرڈیننس نمبر 17 کے تحت ’’ڈاکٹر ضیاء الدین پوسٹ گریجویٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس‘‘ کے قیام کی اجازت دی۔ اس آرڈیننس کے تحت انسٹی ٹیوٹ کو اپنی تعلیمی اسناد (degree and diploma) جاری کرنے کا اختیار بھی دیا گیا۔ اکتوبر 1995ء میں حکومت سندھ نے ایکٹ نمبر 6 کے تحت اس تعلیمی ادارے کو ’’ضیاء الدین میڈیکل یونی ورسٹی ‘‘ میں منتقل کرنے کی منظوری دی۔ اُس وقت تک یہ انسٹی ٹیوٹ صحت کے بارے میں تعلیم (health education) دینے اور اپنی سہولیات بہتر بنانے کے لیے مختلف اداروں سے تعلقات قائم کرچکا تھا۔ اپریل 1996ء میں ضیاء الدین میڈیکل یونی ورسٹی نے پہلا تدریسی سال (academic session) شروع کیا اور پاکستان کی میڈیکل یونی ورسٹیوں میں اپنی پہچان بنائی۔

حکومتِ سندھ کی جانب سے 13 دسمبر 2005ء کو جاری ہونے والے ایکٹ نمبر 2003 کے تحت ضیاء الدین میڈیکل یونی ورسٹی کا نام بدل کر ’’ضیاء الدین یونی ورسٹی‘‘ رکھ دیا گیا۔
اس وقت ضیاء الدین یونی ورسٹی میں درج ذیل کلیوں (فیکلٹییز/ faculties) کے تحت تعلیمی عمل انجام دیا جارہا ہے:
1۔ کلیہ فنون (Faculty of Arts)۔
2۔ کلیہ قانون (Faculty of Law)۔
3۔ کلیہ تجارتی انتظامیہ (Faculty of Business Administration)۔
4۔ کلیہ فنونِ لطیفہ (Faculty of Fine Arts)۔
5۔ کلیہ ذرائع ابلاغ (Faculty of Mass Media)۔
6۔ کلیہ نرسنگ (Faculty of Nursing)۔
7۔ کلیہ ڈینٹل سرجری (Faculty of Dental Surgery)۔
8۔ ڈاکٹریٹ آف فارمیسی (Doctorate of Pharmacy / Pharm-D)۔
9۔ اسپیچ لینگویج تھراپی (Speech Language Therapy)
ضیاء الدین یونی ورسٹی چار عمارتوں پر مشتمل ہے۔ ایک عمارت میں ایم۔بی۔بی۔ایس، دوسری میں ڈینٹل سرجری اور تیسری میں فارمیسی اور اسپیچ لینگویج تھراپی کی تعلیم دی جاتی ہے جب کہ چوتھی عمارت میں ضیاء الدین ہسپتال اور فارمیسی شعبے کے لیکچر روم اور لائبریری موجود ہے۔ ہاسپٹل کی عمارت کی پہلی منزل پر O.P.D کے ساتھ کیفے ٹیریا اور دوسری منزل پر ڈنکن ڈونٹ موجود ہے۔
ضیاء الدین یونی ورسٹی
4/B، شاہ راہِ غالب، بلاک 6، کلفٹن، کراچی 75600، پاکستان
Telephone # +92-21-35862937-9
Fax# +92-21-35862940
معلومات کے لیے ضیاء الدین یونی ورسٹی کو ای.میل کریں
ضیاء الدین یونی ورسٹی کی ویب سائٹ ملاحظہ کریں
View Larger Map