بسم اللہ الرحمن الرحیم
گوگل نے موبائل فون اور ٹیبلٹ کمپیوٹر (Tablet Computer) وغیرہ کے لئے ایک اوپن سورس آپریٹنگ سسٹم، اینڈرائڈ (Android) بنایا۔ 2008ء میں ایچ ٹی سی ڈریم (HTC Dream) پہلا موبائل تھا، جس میں اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم تھا۔ اس کے بعد اینڈرائڈ نے بہت تیزی سے ترقی کی۔ آج کل اینڈرائڈ نے مارکیٹ میں اپنا ایک نام بنا لیا ہے اور زیادہ تر اچھے و مہنگے موبائلوں میں یہی آپریٹنگ سسٹم آ رہا ہے۔ اینڈرائڈ کے کئی ایک ورژن آ چکے ہیں۔ شروع کے ایک دو ورژن اینڈرائڈ کے اپنے نام سے ہی تھے لیکن بعد کے ورژن ہیں تو اینڈرائڈ ہی لیکن مختلف ناموں سے موسوم کر دیئے گئے ہیں۔ یہ ایک چھوٹا سا جدول اینڈرائڈ کی تاریخ اور دیگر چیزیں کافی اچھی طرح واضح کر دے گا۔
اینڈرائڈ آپریٹنگ سسٹم
| نام |
نام |
ورژن نمبر |
تاریخ اشاعت |
| Android |
اینڈرائڈ |
1.0 |
ستمبر 2008ء |
| Android |
اینڈرائڈ |
1.1 |
فروری 2009ء |
| Cupcake |
کپ کیک |
1.5 |
اپریل 2009ء |
| Donut |
ڈونٹ |
1.6 |
ستمبر 2009ء |
| Eclair |
ایکلیئر |
2.1/2.0 |
اکتوبر 2009ء/جنوری 2010ء |
| Froyo |
فرویو |
2.2.x |
مئی 2010ء |
| Gingerbread |
جنجربریڈ |
2.3.x |
دسمبر 2010ء |
| Honeycomb |
ہنی کمب |
3.x |
فروری 2011ء |
| Ice Cream Sandwich |
آئس کریم سینڈوچ |
4.x |
اکتوبر 2011ء |
جدول میں صرف اہم ورژن لکھے ہیں، باقی کئی ورژن کی کافی ساری اپڈیٹس آئیں، جیسے
جنجر بریڈ کے تقریباً سات مزید ورژن آئے۔
خیر یہ تمہید اس لئے باندھی ہے کہ اگر آپ کو نہیں پتہ تو اندازہ ہو جائے کہ یہ اینڈرائڈ ہے کیا بلا۔۔۔ اب آتے ہیں اصل بات کی طرف۔ اینڈرائڈ میں یونیکوڈ کی سہولت غالباً شروع دن سے موجود ہے یا پھر کم از کم فرویو 2.2.2 سے تو لازم موجود ہے کیونکہ یہ میں نے خود دیکھی ہے اور اس پر تھوڑے بہت تجربات بھی کیے ہیں۔
اینڈرائڈ میں یونیکوڈ کی سہولت تو موجود ہے لیکن کئی اینڈرائڈ موبائلوں پر اردو کی جگہ ڈبے بن جاتے ہیں یا الفاظ ٹوٹ جاتے ہیں اور ساتھ ساتھ کئی موبائلوں پر الفاظ کی ترتیب بھی الٹ جاتی ہے یعنی موبائل پر اردو پڑھنے کی سہولت نہیں ہوتی۔ مگر کئی موبائلوں پر اردو بالکل ٹھیک پڑھی جاتی ہے اور کئی پر تو اردو لکھنے کی سہولت بھی موجود ہوتی ہے۔ جن موبائلوں پر اردو پڑھنے کی سہولت نہیں ہوتی دراصل ان میں اردو کا بہتر فانٹ موجود نہیں ہوتا۔
موبائل بنانے والی کمپنیاں مختلف علاقوں کے لئے مختلف موبائل (سافٹ ویئر) بناتی ہیں اور پھر انہیں علاقوں کے حساب سے اس میں زبانوں کی سہولت دیتی ہیں۔ موبائل کا ماڈل وہی ہوتا ہے لیکن جوایشیاء وغیرہ کے لئے بنایا جاتا ہے اس میں ایشیاء کی زبانوں کی سہولت ہوتی ہے اور جو یورپ وغیرہ کے لئے ہوتا ہے اس میں یورپ کی زبانوں کی سہولت ہوتی ہے۔ بالکل اسی طرح اینڈرائڈ موبائلوں میں بھی ہو رہا ہے۔ ایشیاء والے ماڈل میں ایشیاء کی زبانوں کے بہتر فانٹ رکھے جاتے ہیں تو دیگر علاقوں کے لئے بنائے گئے موبائلوں میں ان علاقوں کے حساب سے زبانوں کے فانٹ رکھے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کئی کمپنیاں زیادہ سے زیادہ زبانیں پڑھنے کی سہولت (فانٹ) تو رکھ دیتی ہیں لیکن لکھنے کی سہولت صرف اس علاقے کی زبانوں کی رکھتی ہیں جس علاقے کے لئے موبائل بنایا ہوتا ہے۔ ان عجیب و غریب حالات میں اردو کے حوالے سے سہولت ہونے یا نہ ہونے والے موبائلوں کو میں تین زمروں میں تقسیم کرتا ہوں اور پھر اپنے محدود علم کے مطابق اردو لکھنے پڑھنے کی سہولت شامل کرنے کا طریقہ بتا دیتا ہوں۔ سب سے پہلے تو آپ اپنا موبائل دیکھیں کہ وہ کس زمرہ میں آتا ہے اور پھر اسی حساب سے اس کا حل کیجئے، اگر کر سکتے ہیں تو۔۔۔
آپ کا موبائل کس زمرہ میں آتا ہے یہ جاننے کے لئے پہلے آپ کو اردو مواد تھوڑا بہت دیکھنا ہو گا۔ اردو پڑھنے کی سہولت موجود ہے یا نہیں یہ جاننے کے لئے یا تو کسی دوست کو کہیں کہ وہ آپ کو خاص اردو میں ایس ایم ایس کرے یا پھر آپ اپنے موبائل پر کوئی اردو ویب سائیٹ کھولیں، ویسے آپ میرا بلاگ بھی کھول سکتے ہیں۔
یاد رہے ویب سائیٹ موزیلا فائر فاکس یا اسی طرح کے کسی براؤزر میں نہیں کھولنی بلکہ موبائل کے اپنے براؤزر میں کھولنی ہے۔ اس کے علاوہ اردو لکھنے کی سہولت جاننے کے لئے اپنے اینڈرائڈ موبائل کی Settings میں جائیں اور پھر اپنے موبائل اور اس کے سافٹ ویئر کے مطابق Local and Text یا Language & Keyboard یا اس سے ملتی جلتی آپشن میں جائیں۔ دراصل یہ مختلف کمپنیوں اور اینڈرائڈ کے مختلف ورژن کے حساب سے مختلف ناموں سے ہوتی ہیں۔ خیر اس کے بعد Select Input Method یا International Keyboard یا اس سے ملتی جلتی آپشن میں جائیں۔ مزید یہاں آپ Keypad یا Input Languages یا Writing Languages یا اس سے ملتی جلتی آپشن کی فہرست میں دیکھیں کہ ”اردو“ موجود ہے یا نہیں۔ اگر اردو موجود ہے تو سمجھ جائیں کہ آپ کا اینڈرائڈ موبائل اردو لکھنے اور پڑھنے کی مکمل سہولت دیتا ہے۔ خیر یہ سب معلوم کرنے کے بعد دیکھیں کہ آپ کا موبائل درج ذیل کس زمرہ میں آتا ہے۔
1:- اردو ٹھیک پڑھی اور لکھی جاتی ہے۔
جب اردو ٹھیک پڑھی اور لکھی جاتی ہے تو پھر یہاں کیا کرنے آئے ہیں۔ معذرت جناب! بس مذاق کیا ہے۔ خیر آپ سب سے خوش قسمت زمرہ میں ہیں، اگر آپ کو اردو کی سیٹنگ کرنی ہے تو بس تھوڑا انتظار کریں آپ کے لئے اردو کی سیٹنگ کرنے کا طریقہ لکھ رہا ہوں۔ جیسے ہی طریقہ شائع کرتا ہوں ویسے ہی آپ اسے پڑھیئے گا اور پھر موبائل پر اردو کے مزے ای مزے۔۔۔
2:- اردو ٹھیک پڑھی جاتی ہے لیکن لکھی نہیں جا سکتی۔
آپ دوسرے نمبر پر آتے ہیں لیکن خوش قسمت ہی ہیں کیونکہ آپ آسانی سے اردو لکھ سکیں گے اور اس کا حل بڑا آسان ہے۔ بس تھوڑا انتظار فرمائیے۔
3:- اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی۔
جب اردو ٹھیک پڑھی نہیں جاتی تو پھر لکھیں گے کہاں سے۔ آپ کی حالت انتہائی نازک ہے۔ آپ تو میری بھی اچھی بھلی کلاس لیں گے۔ ویسے کس نے مشورہ دیا تھا کہ ایسا موبائل خریدو؟ اگر کسی کزن یا عزیز نے باہر سے بھیجا ہے تو ایسا موبائل اس کے ”متھے مارو“۔اگر ایسا نہیں کر سکتے تو پھر زیادہ فکر بھی نہ کرو کیونکہ آپ کے لئے بھی حل ڈھونڈا ہے لیکن جناب منزل تو خوبصورت ہے مگر سفر بڑا مشکل ہے۔ خیر آپ بس تھوڑا انتظار فرمائیں، باقی اللہ سب اچھا کرے گا۔
اردو لکھنے کی سہولت تلاش کرنے میں اگر کوئی مشکل ہو اور آپ مجھ سے پوچھنا چاہتے ہوں تو برائے مہربانی اپنے موبائل کی کمپنی، ماڈل اور اینڈرائڈ کا ورژن ضرور لکھیں مزید Settings والی فہرست کے بعد جو جو آپشن آتی ہیں وہ بھی ضرور لکھیں۔
یار لوگ کہتے ہیں کہ میں بلاگ باقاعدگی سے نہیں لکھتا۔ بات تو ان کی ٹھیک ہے لیکن باقاعدگی سے کیسے لکھوں؟ اب میں خبریں شائع کرنے سے تو رہا۔ خیر اسی تحریر کو دیکھ لیں، ان سب باتوں کی تفصیل پتہ کرنے میں پورا ایک مہینہ لگ گیا۔ اوپر سے تجربات کرتے ہوئے ایک دوست کے سام سنگ گلیکسی ایس 1 کو بھی خراب کر دیا اور پھر بڑا نقصان ہوتے ہوتے بچا۔ اس ”قربانی“ کے لئے میں اپنے دوست عبدالستار کا نہایت ہی شکر گزار ہوں۔ جس نے اردو کے لئے اپنا موبائل رضاکارانہ طور پر پیش کیا۔ ویسے آج کل یہی حضرت اپنا ایچ ٹی سی ڈیزائر ایس پیش کر رہے ہیں، لیکن اب مجھے خود ڈر آ رہا ہے۔